عوامی ہجوم کی ہیرا پھیری
عوامی کراؤڈ ہیرا پھیری لوگوں کے ہجوم کی خواہشات کو مبذول کرنے، کنٹرول کرنے یا اس پر اثر انداز ہونے کے لیے نفسیات کے اصولوں پر مبنی تکنیکوں کا ایسا دانستہ استعمال ہے جو انسانی رویوں کو اور جذبات کو طے شدہ فکر یا عمل کی طرف لے جا سکے۔ ایسا کرنا، کسی معاشرے کے ٹھیکیداروں کے لئے مذہبی، سیاسی، کاروباری، پالیسیوں پر عوامی منظوری، نامنظوری یا لاتعلقی کی فضا پیدا کرنا آسان بنا سکتا ہے۔ جدید دور میں ایسے ہتھکنڈوں کی اخلاقیات پر سوال اٹھایا جاتا ہے۔
پراپیگنڈہ مہم کو بھی عوامی ہجوم کا ذہن تیار کرنے کا ایک عنصر مانا جاتا ہے۔ مگر جدید علمی بحث و مباحثے کے مطابق ، یہ ہجوم کنٹرول کرنے کی تکنیک پروپیگنڈے سے مختلف ہوتی ہے۔ اگر پروپیگنڈہ "کسی کمپنی، پارٹی، عقیدے یا گروہ سے عوام کے تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش" ہے، تو ہجوم کی ہیرا پھیری پروپیگنڈے کے بیجوں یعنی غیر قدرتی حالات و واقعات کی افزائش کے لئے موزوں حالات پیدا کرنے کا نام ہے جس کے تحت عوام کو ایک ہجوم میں منظم کیا جاتا ہے۔
تعلقات عامہ
ایڈورڈ برنیز کے نزدیک عوامی جذبات کی ایسی ہیرا پھیری نہ صرف اخلاقی طور پر جائز ہے بلکہ ایک اہم ضرورت ہے۔ اس نے دلیل یہ دی کہ ایک حکومت جو عوام کے ذہنی عمل اور سماجی الٹ پھیر کو سمجھتی ہے، وہ رائے عامہ پر بھی حکمرانی کرتی ہے۔ ایسا کرنا، دولت اور محنت کی تقسیم اور معاشرے میں طبقاتی افراتفری اور انتشار کو کم رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
پہلے ادوار میں عوام کی آواز لوگوں کے ذہن کا اظہار سمجھی جاتی تھی، مگر حقیقت یہ ہے کہ حکومت، ہمارے ذہنوں کو ڈھالتی ہے، ذوق کی تشکیل کرتی ہے، ایسے خیالات تجویز کرتی ہےجن کے بارے میں کبھی نہیں سنا۔ مستقبل میں عوام کی مثبت یا منفی رائے حاصل کرنے کے لئے ، ایسے حالات و واقعات ترتیب دیئے جاتے ہیں جن سے مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکیں۔
عوامی رائے سازی کے طریقے
ہجوم کی ذہن سازی کے لیے، سب سے پہلے یہ سمجھا جاتا ہے کہ ہجوم کی ضروریات کیا ہیں؟ پھر سیاق و سباق کا تجزیہ کیا جاتا ہے کہ درپیش حالات میں مطلوبہ جذبات عوام میں کیسے ابھارے جائیں، اہم واقعات رونما کرنے کے لئے موزوں جائے وقوعہ کا انتخاب، پروپیگنڈا کرنے کے لئے میڈیا آؤٹ لیٹس کی خدمات لینا، متعلقہ اتھارٹی اور محکمہ جات میں دانستہ یا نادانستہ رضاکاروں کی خدمات جیسے عناصر کو شامل کیا جاتا ہے۔
ففتھ جنریشن وار فئیر
جدید دور میں ، سیاسی مخالف ممالک ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لئے ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔ اس حوالے سے ، کانسپریسی تھیورسٹ، ڈومز ڈے پریپپر، اس تکنیک کو ففتھ جنریشن وار فئیر کا ایک ہتھیار تصور کرتے ہیں۔
ذرا سوچئے ، دشمن ملک کے خلاف روایتی انداز میں محاذ کھولنے کے لئے فوج، ہتھیار ، جنگی ساز و سامان، سرمایہ، اناج اور دیگر اشیاء صرف کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے۔ اس کے برعکس اگر جدید ذرائع ابلاغ و مواصلات کے ذریعے اس ملک کی عوام کے جذبات اور خیالات ہی ان کی ترقی و تحفظ کے منافی کر دئیے جائیں تو کم ازکم خرچ میں ریاستی استحصال کے نتائج حاصل ہو سکتے ہیں ۔
سیاسی مقاصد
سیاسی جماعتیں اپنے امیدواروں اور پالیسیوں کے حق میں حمایت کو پیدا کرنے کے لئے عوامی بھیڑ کے جذبات اور خیالات سے ہیرا پھیری کی تکنیکوں کو استعمال کرتی ہیں، کیونکہ سیاست ایسے تجربات کے لیے مناسب موقعے فراہم کرتی ہے۔ مہم کی ریلیوں سے لے کر ایوانوں میں ہونے والے مباحثے اور جنگوں کے اعلان تک، تاریخ گواہ ہے کہ سیاست دانوں نے، ان کے حمایتی گروہوں نے اور بالخصوص صحافیوں نے پیغامات پہنچانے کے لیے عوامی بھیڑ کے ساتھ ہیرا پھیری کا استعمال کیا ہے۔ رائے عامہ کے جائزے، جیسے کہ پیو ریسرچ سینٹر اور www.RealClearPolitics.com کے ذریعے کرائے جانے والے رائے عامہ کے جائزوں اور خواہشمند سیاسی گروہوں کو عوام میں جذباتی منظوری کی درجہ بندی، اور قابلِ بحث مسائل کے موضوع فراہم کرتے ہیں۔ اس سے سیاسی لیڈر ان موضوعات کو اپنی تقاریر میں شامل کرتے ہیں جس سے عوام کے ذہنوں میں یہ تاثر جائے کہ مقرر ہی ان کا نجات دہندہ ہے ۔
کاروباری مقاصد
کاروباری اداروں اور کارپوریشنوں نے اپنی مصنوعات کو فروخت کرنے کے لیے عوامی بھیڑ کی ہیرا پھیری کا استعمال کیا ہے۔ اس شعبے میں ذہن سازی ایڈورٹائزنگ پروپیگنڈے کے طور پر کام کرتی ہے تاکہ مستقبل کے عوام کے صارفی ہجوم کو کسی خاص پیغام کو جذب کرنے اور قبول کرنے کے لیے تیار کیا جا سکے۔ اشتہارات کے ماہرین کا خیال ہے کہ مخصوص اشتہارات زیادہ موثر ہوتے ہیں کیونکہ وہ ایسا ماحول بناتے ہیں جو مصنوعات کی خریداری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ مثال کے طور پر پیانو بیچنے کے لیے ساز کی خصوصیات بیان کرنے کے بجائے، ممکنہ گاہکوں کو کمرہ موسیقی، یا اسٹوڈیو کا آئیڈیا دیا جاتا ہے، کمرے کی استطاعت نہ رکھنے والے کو گھر کا کوئی کونا موسیقی کے لئے مختص کرنے کا سجھاؤ دیا جاتا ہے۔
تکنیکی اعتبار سے نفسیات کے یہ نسخے، کم ہمت کو حوصلہ دلانے اور جوشیلے کو ٹھنڈا یا کنفیوز کرنے میں کافی کارگر ثابت ہوئے ہیں
0 تبصرے
LIKE N SHARE