سونی اور ہونڈا موٹر نے باضابطہ طور پر مساوی ملکیت کے مشترکہ منصوبے پر اتفاق کر لیا۔ دونوں کمپنیاں 2025 میں الیکٹرک کاروں کی فروخت شروع کر دیں گی۔
دنیا کی بڑی کار بنانے والی کمپنیوں پر کاربن سے پاک گاڑیاں کا بھوت سوار ہے۔ کرہ ارض کے آس پاس ساری خلاء پھرول لینے کے بعد سرمایہ کاری کے دیوتاؤں کو سمجھ آ گئی ہے کہ ماسوائے روئے زمین کے انسانی زندگی کا بقاء کہیں اور ممکن نہیں۔بڑھتی آلودگی، گرین ہاؤس گیسسز اور روز بروز گھٹتے، خراب ہوتے قدرتی وسائل کے پیش نظر، رینو ایبل توانائی کے استعمال کو فروغ دینے پر زور ہے۔ الیکٹرک کاریں اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔
سونی اور ہونڈا، جاپانی صنعت کے دو بڑے سومو پہلوان ہیں۔ دونوں کمپنیوں نے ایک جاری کردہ اعلامیہ میں کہا کہ سونی ہونڈا موبیلٹی نام سے شروع کردہ ان کی شراکت، کاروں کی تیاری، ان میں نئے فیچرز کی تنصیب اور فروخت میں اپنی قابلیتیں اور مہارتیں بروئے کار لائے گی۔ ہونڈا اس شراکت میں مکینکل پہلو سے اور سونی اپنے سافٹ ویئر اور ٹیکنالوجی کے پہلو سے ایسی کاروں کی تیاری سرانجام دیں گے جو نہ صرف 90 فیصد تک ماحول دوست ہوں گی بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہونے کے سبب، فیول کی بچت، سواریوں کی حفاظت اور خودکار ڈرائیونگ کی خصوصیت سے آراستہ ہوں گی۔
ہونڈا کے ایک سینئر ایگزیکٹو یاسوہائیڈ میزونو چیئرمین اور سی ای او کے طور پر کام کریں گے، اور سونی کے ایگزیکٹو نائب صدر ازومی کاوانیشی صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر ہوں گے۔
دونوں کمپنیوں کے مابین اس شراکت کو دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے شائقین کی جانب سے زبردست پذیرائی تو مل ہی رہی ہے مگر ساتھ ہی ساتھ ان کے کاروباری حریفوں کو بھی چوکنا کر رہی ہے۔ خویصورت اور سبک رفتار گاڑیاں بنانے میں ہونڈا نے اپنی ساکھ پوری دنیا میں بنائی ہے اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں سونی کسی جالوت سے کم نہیں۔
پاکستان میں کاروباری حلقے اس شراکت کو یاجوج ماجوج کی شادی کے نام سے تعبیر کر رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ یہ جوڑی یاجوج ماجوج کی طرح کارسازی کی صنعت پر چھا سکتی ہے۔

0 تبصرے
LIKE N SHARE