ڈائس فاؤنڈیشن اور پاکستانی جامعات و نجی شعبہ کے تعاون سے تیار کی جانیوالی میڈ ان پاکستان الیکٹرک کار مقامی ہوٹل میں نمائش کے لئے پیش کردی گئی ہے۔
این یو آر، ای 75 نامی پروٹوٹائپ 08 گھنٹے میں مکمل چارج ہو جائے گی اور ایک چارج میں 210 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر سکے گی۔
گاڑی میں نصب بیٹری سسٹم این ای ڈی یونیورسٹی نے تیار کیا ہے جبکہ گاڑی کا بیرونی اور اندرونی ڈیزائن نیشنل کالج آف آرٹس کا تیار کردہ ہے۔
درپیش ماحولیاتی چیلنجز کے پیش نظر مستقبل میں برقی گاڑیوں کا رجحان بڑھنے کے امکانات ہیں۔ مقامی طور پر تیار کردہ برقی گاڑی پاکستانی منڈی کو کتنا سہارا دے پائے گی اس کا فیصلہ وقت ہی کرے گا۔
فی الحال کمپنی مزید سرمایہ اکٹھا کرنے کے لئے ابتدائی عوامی پیشکش کھولنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جو تین راؤنڈز پر مشتمل ہوگا۔ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مثبت سپورٹ سے کمپنی کو امید ہے کہ وہ 2024ء کے آخر تک اس گاڑی کی بکنگ شروع کر دے گی۔ ڈاکٹر خورشید قریشی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ، آٹو انڈسٹری اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بظاہر مثبت رد عمل دیکھنے کو ملا جس سے امید ہے کہ کمپنی بروقت مطلوبہ سرمایہ کاری کے اہداف پورے کر لے گی۔

0 تبصرے
LIKE N SHARE